تازہ ترین 4 دسمبر 2008
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)معذور افراد کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں آج بحالی معذورین مرکز حیدرآباد اور انرویل تنظیم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے مشترکہ تعاون سے بحالی معذورین کے مرکز قاسم آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں معذور افراد کو درپیش سماجی و اقتصادی مسائل پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ مرکز میں داخل بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ معذور افراد پر مشتمل افرادی قوت کو بہترطریقے سے کام میں لانے کے لیے ان کی صلاحیتیں اجاگرکرنے کے لیے ایک وسیع تربیتی ادارہ قائم کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ معذور افراد کو مناسب تعلیم و تربیت کی سہولتیں فراہم نہ ہونے کی وجہ سے ایک جانب ملک انکی افرادی قوت سے محروم رہتا ہے تو دوسری جانب انہیں سماجی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائنسدان اور دیگر تحقیقاتی ادارے مادی وسائل سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے مسلسل بائے پروڈکشن پر تحقیقات کر رہے ہیں لیکن افسوس کہ یہ معذور بلکہ زندہ انسانی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے لیے اس طرح کی کوشش نہیں کر رہے ہیں ۔ ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن امداد علی کیریو نے کہا کہ معذور افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے سرکاری و نجی اداروں کی سرمایہ کاری سے نہ صرف ان معذور لوگوں کو معاشرے میں اچھا مقام ملے گا بلکہ اس طرح ملکی افرادی قوت میں بھی اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقصد عوامی ونجی سیکٹر کے تعاون کے بغیر مکمل نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے عوامی آگہی کے لیے ایک بھرپور مہم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح معذور لوگوں کی تعلیم و تربیت ، فلاح و بہبود اور ان کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔ ڈی او سوشل ویلفیر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ حیدرآباد زرین کہکشاں نے کہا کہ ان کے ادارے کا اہم مقصد غریبوں اور معذور لوگوں کی حوصلہ افزائی اور بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام عبادت کا درجہ رکھتا ہے اور مخیر حضرات کو اپیل کی کہ وہ اس کام میں ان کے ادارے کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے انٹر نیشنل انرویل آرگنائزیشن کی سماجی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کی تنظیمیں غریب اور بے سہارا لوگوں کے لیے امید کی کرن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انٹر نیشنل انرویل حیدرآباد کی چیئرپرسن نگہت سرفراز نے کہا کہ ان کی تنظیم غریب لوگوں کی مدد اور اس کام میں مصروف اداروں کی بھی مدد کرتی ہے ۔ بحالی معذورین سینٹر قاسم آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی بخش عمرانی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہاکہ معذورین کی بحالی کے لیے یہ مرکز مالی وسائل کا شکار ہے جس کے لیے مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر مدد کرنی چاہیے۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر) خصوصی ادارہ کا عالمی دن جو 3دسمبر کو منایا جاتا ہے کئی مناسبت سے پاکستان ڈس ایبل فاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی تعلیم کی وزارت کو وفاقی وزارت تعلیم میں ضم کرکے خصوصی افراد کی تعلیم کے دوہرے نظام کو ختم کیا جائے اور ان کے معاملات کے لئے بااختیار اتھارٹی قائم کی جائے۔چوتھے منظورکردہ ملازمت کے کوٹے نیز دی گئی مراعات اورسہولتوں کے حصول میں حائل مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائے۔ خواتین کی وزارت کی امیتازی پالیسی جس کے تحت اس نے خصوصی خواتین کو بلاجواز اپنی وزارت سے خارج رکھا ہے کا فوری نوٹس لے کر حکومت اس زیادتی کا ازالہ کرے۔
لاہور(ڈویلپمنٹ رپورٹنگ سیل)آج پوری دنیامیں معذور افراد کا عالمی دن (Convertion on the Rights of Persons with Disabilities: Dignity and justice for all of us)کے عنوان کے تحت منایاجارہاہے، اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں معذوروں کی تعداد کے حوالے سے سندھ سرفہرست ہے جبکہ پنجاب دوسرے ،بلوچستان تیسرے اور سرحد چوتھے نمبر پر ہے ،عالمی آبادی کا 10فیصد معذور افراد پر مشتمل ہے جبکہ 80فیصد معذور افراد ترقی پذیر ممالک سے ہیں۔ملک میں معذور افراد کا 40فیصد جسمانی معذوری کا شکار ہے جس کی اہم وجوہات حادثات اور تشدد ہیں، عالمی سطح پر معذور ی کی بڑی وجہ جنگیں ،قدرتی آفات اور بد امنی کی صورتحال ہے۔ دنیامیں 45کروڑ ذہنی معذور ہیں۔آج بھی دنیا کے کل غریب افراد کا 20فیصد معذور ہے۔ عالمی دن کے حوالے سے جنگ ڈویلپمنٹ رپورٹنگ سیل کے حاصل کردہ اعداد و شمار اور ادارہ برائے شماریات کے مطابق ملک کی آبادی کا 7فیصد معذور افراد پر مشتمل ہے۔ معذوروں میں سب سے زیادہ 40فیصد جسمانی معذور ہیں جن میں ٹانگوں سے معذور ،ہاتھوں اور بازووں سے معذوراور جسمانی تشددکے کیسز شامل ہیں جبکہ 20,20فیصد ذہنی و بینائی سے معذور افراد10,10فیصد سماعت اور ایک سے زائد معذوری کے حامل معذور افراد ہیں۔ صوبائی سطح پر آبادی کے تناسب سے سب سے زیادہ معذور 3.05فیصدسندھ میں ہیں جبکہ 2.48فیصد کے ساتھ پنجاب دوسرے، 2.23فیصد کے ساتھ بلوچستان تیسرے اور 2.12فیصد کے ساتھ سرحد چوتھے نمبر پر ہے ۔ ملکی سطح پر 2.8فیصد مرد اور 2.2فیصد خواتین معذور ہیں۔ وزارت سوشل ویلفیئر اور سپیشل ایجوکیشن پاکستان کے مطابق ملک میں 18سال کی عمر تک کے 28لاکھ 20ہزار افراد جسمانی معذور ہیں جبکہ اس عمر کے حامل 4لاکھ10ہزارنوجوان بینائی سے ، 7لاکھ 5ہزار سماعت سے محروم ہیں جبکہ14لاکھ 10ہزار ذہنی معذور اور 7لاکھ 5ہزار ایک سے زائد معذوری رکھتے ہیں۔ 18سال اور اس سے زائد عمرکے افراد میں سے24لاکھ 2ہزار جسمانی معذور ہیں، 12لاکھ ایک ہزار بینائی سے محروم ، 6لاکھ سماعت سے محروم 12لاکھ ایک ہزار ذہنی معذور اور 6لاکھ ایک سے زائد معذوری رکھتے ہیں۔ عالمیبنک کے اعدادوشمار کے مطابق عالمی سطح پر غربت کے باعث 10سے20فیصد نوجوان ذہنی معذور ہیں جبکہ ساڑھے 4کروڑ افراد نابینا ہیں
سکھر( رپورٹ: چوہدری محمد ارشاد)انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر میں زیر تعلیم پولیو سے متاثرہ طالبہ امرتی نے کہا ہے کہ کوئی بھی بیماری یا معذوری انسان کی ترقی کے جذبے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ پاکستان سمیت پولیو کے خلاف جنگ کرنے والے ممالک کو چاہیئے کہ وہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے ساتھ اس کا مکمل علاج دریافت کریں تاکہ کوئی بھی شخص معذور نہ ہوسکے،، وہ ”جنگ“ سے خصوصی بات چیت کررہی تھیں، امرتی نے بتایا کہ وہ ڈھرکی کی رہائشی اورسکھر آئی بی اے میں بی سی ایس کمپیوٹرسائنس کی تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ڈیڑھ سال کی عمر میں اسے پولیو کا مرض لاحق ہوا تھا جس کے بعد جب اسکول میں داخل ہوئی تو کافی مایوس تھی لیکن میرے والدین نے میری حوصلہ افزائی کی اور بعد میں میں نے کمپیوٹر سائنس میں انجینئر بننے کا فیصلہ کیا اور میں تین سال سے آئی بی اے میں زیر تعلیم ہوں۔ دوسری جانب آئی بی اے کے ڈائریکٹر نثار احمد صدیقی اور آئی ٹی انچارج زاہد حسین کھنڈ نے بتایا کہ امرتی کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کررہی ہے اورہاسٹل سے انسٹیٹیوٹ تک وہ خود اپنی مدد آپ کے تحت بیساکھیوں کے ذریعے اپنی کتابیں ہاتھ میں لئے باقاعدگی سے کلاسوں میں شامل ہوتی ہے اور امرتی نے یہ ثابت کیا ہے کہ معذوری انسان کے جذبے میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتی، ہمیں امرتی پر فخر ہے کہ وہ ہونہار بچوں کی طرح اپنی تعلیم نمایاں انداز میں حاصل کررہی ہے،امرتی کے ساتھ زیر تعلیم طلباء وطالبات نے بھی اپنے تاثرات میں امرتی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امرتی پورے آئی بی اے کیلئے ایک مثال ہے ۔
کراچی (محمد عسکری … اسٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے سندھ کے خصوصی تعلیم کے اسکولوں کی بہتری اورگنجائش کے لیے ایک منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت صوبے کے 22 خصوصی اسکولوں کے لیے ایک منیجمنٹ بورڈ بنایا جائے گا اور50 کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم ہوگا جبکہ 10 کروڑ روپے کی گرانٹ علیحدہ دی جائے گی منصوبے کے تحت 22 اداروں کے منیجمنٹ بورڈ میں نجی شعبے کی ممتازشخصیات ماہرین خصوصی تعلیم، مخیّر حضرات، این جی اوز کے نمائندے اور معروف ریٹائرڈ شخصیات شامل ہوں گی بورڈ کو حکومت ہر سال ترقیاتی فنڈز دیا کرے گی اور سرکاری خصوصی تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں5 ہزار روپے بطورالاؤنس دیا جائے گا۔ 50کروڑروپے کے انڈومنٹ فنڈزسے 22 خصوصی اداروں کو ہر سال ساڑھے 8 لاکھ روپے سالانہ ملیں گے۔ دریں اثناء محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نذر حسین مہر کی ہدایت پر ایک ٹیم نے کورنگی میں واقع اسپیشل بچوں کے ادارے گورنمنٹ سینٹر فارملٹی پل ہینڈی کیمپ چلڈرن کا دورہ کیا اور ادارے کی پرنسپل کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔
اسلام آباد( مانیٹرنگ سیل) وفاقی وزارت سماجی بہبود و خصوصی تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ایک گھر میں دو معذور افراد ہونے کی صورت میں سالانہ25 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے
واپس فہرست پہ جائیںپشاور(نمائندہ جنگ) افغانستان میں جاری تشدد کے واقعات کے باعث معذوز ہونے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ایک سروے کے مطابق دو لاکھ سے زائد بچے مستقل طورپر معذور ہیں جبکہ مجموعی طورپر معذور افراد کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہے۔ آئی سی آر سی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں ماہانہ 60افراد جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے معذور افراد کے لئے روزگار اور دیگر سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے خصوصی افراد مزید پریشانیوں اور اذیت میں مبتلا ہورہے ہیں اور انکی زندگی مزید اجیرن ہوگئی ہے ۔
واپس فہرست پہ جائیںلندن (جنگ نیوز) معذور افراد کو فراہم کیے جانے والے بیجز کی چوری اور بلیک مارکیٹ میں ان کی خرید و فروخت روکنے کے لیے حکومت نے 55 ملین پونڈ کی گرانٹ منظور کی ہے تاکہ اس سسٹم میں موجود سقم یا خرابیاں دور کی جائیں، بتایا گیا ہے کہ ڈس ایبل بیجز بلیک مارکیٹ میں 1500 پونڈ تک میں فروخت ہوتے ہیں، یہ بیجز وہ لوگ خریدتے ہیں جو سنگل اور ڈبل ییلو لائن حتیٰ کہ سنٹرل لندن میں آنے کے لیے کنجیشن چارجز کی ادائیگی سے بچنا چاہتے ہیں، 55 ملین پونڈ کی اس گرانٹ سے ڈس ایبل بیجز کی فروخت اور چوری کو ناممکن بنایا جائے گا اس پر بارکوڈ لگایا جائے گا تاکہ اسے آسانی سے پڑھا جاسکے، ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کے مطابق ہر 200 میں سے ایک اور مجموعی طور پر 2.3 ملین بیجز غلط طور پر استعمال ہورہے ہیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک بیج کی 30 مرتبہ تک فوٹو کاپی بھی استعمال کی جارہی ہے۔
واپس فہرست پہ جائیںکراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ تمام عمارتوں میں معذور افراد کی سہولت کے لئے ریمپ اور لفٹس کی سہولت یقینی بنانے کے لئے جلد ایک بل صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے معذور افراد میں وہیل چیئر، ٹرائی سائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ جسمانی معذور افراد کو بوجھ سمجھنے کا رویّہ درست نہیں کیونکہ یہ افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں جن کی دیکھ بھال ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہابعض جسمانی کمزوری کا شکار افراد عام لوگوں سے ذہنی طور پر زیادہ مضبوط اور ان کی صلاحیتیں ناقابل یقین ہوتی ہیں، وہ صرف صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ایسے افراد کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور ملازمتوں میں ان کے2 فیصد کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ معذوروں کے لئے مراکز بحالی کے قیام کے لئے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا جائے گا جب کہ اسمبلی میں معذور افراد کا کوٹا مختص کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو معذور افراد کی بحالی اور ان کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی تھیں اور صدر پاکستان آصف علی زرداری بھی شہید محترمہ کے وژن اور مشن کے مطابق معاشرے کے تمام طبقات کے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کے صدر جاوید رئیس کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر معذور افراد میں عیدی کے طور پر اپنی جانب سے50 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔
واپس فہرست پہ جائیںکراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں چارماہ قبل ڈیوٹی کے دوران مال گاڑی کی زد میں آکر معذور ہونے والے ریلوے کے ملازم 23 سالہ سرفراز احمد کو مصنوعی ہاتھ اور پیر لگادئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کا ملازم سرفراز احمد اپنی ڈیوٹی کے دوران ایک مال گاڑی کی زد میں آکر دونوں پیروں اور ایک ہاتھ سے محروم ہوگیا تھا، افسوسناک واقعے کے بعد ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلارضا نے ریلوے اسپتال میں اس کی عیادت کرتے ہوئے اس سے ہر ممکن تعاون کاوعدہ کیاتھا، حادثے کے چارماہ بعد ڈاؤ یونیورسٹی کے مضوعی اعضاء کے مرکز میں اسے مصنوعی پیر اور ہاتھ لگادئیے گئے ہیں اس سلسلے میں ڈاؤ یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرمسعود حمید نے پریس کانفرنس کی جس میں سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اور صوبائی وزیررضا ہارون بھی موجود تھے وائس چانسلر نے بتایا کہ منصوعی اعضاء کے مرکز کی جانب سے 700 معذور افراد کو مصنوعی پیر اور20افراد کو مصنوعی ہاتھ لگائے گئے ہیں ، کانفرنس کے دوران ایسے لوگوں وڈیو بھی دکھائی گئی جبکہ سرفراز احمد کو پیروں پرچلاکر دکھایا گیا
واپس فہرست پہ جائیںڈگری ( نامہ نگار) میر پور خاص میں قائم معذور افراد کے ادارے کی جانب سے آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کی خوشی میں ریلی نکالی گئی، ریلی سے پیپلزپارٹی سٹی میر پور خاص کے صدر یٰسین ملک جنرل سیکرٹری انورپنہور اور لیڈیز ونگ کی صدر فاطمہ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افرا دنے ریلی نکال کر جمہوریت پسندی اور زندہ دلی کا ثبوت دیا ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت خصوصی افراد کی امداد کے لیے اقدامات کررہی ہے، ادارے کے صدر جاوید ملک اور عبدالحفیظ سوہیو نے صدر سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں اسپیشل افراد کے لیے مختص دو فیصد کوٹے پر عمل کرایا جائے، دریں اثناء شہید بے نظیر بھٹو ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے بھی آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کی خوشی میں میر پور خاص کے چاندنی چوک پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، اس موقع پر سوسائٹی کے عہدیداروں امیر جان مری، زاہد کھنڈو اور شاہد مری نے خطاب کیا۔
واپس فہرست پہ جائیںکراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے ہدایت کی ہے کہ عباسی شہید اسپتال سمیت سٹی حکومت کے تمام اسپتالوں اور شہر کے تمام چھوٹے بڑے پارکس میں خصوصی افراد کو سہولتیں پہنچانے کیلئے فوری طور پر ریمپ تعمیر کرنے کا کام شروع کیا جائے تا کہ خصوصی افراد وہیل چیئر پر ان جگہوں پر باآسانی آ جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں سٹی حکومت تمام شہریوں کی طرح ان کو بھی تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے لہٰذا علاج و معالجے کیلئے اسپتالوں میں آنے والے تمام خصوصی افراد کو آسانی اور سہولت فراہم کرنے کیلئے ان کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے خصوصی طور پر اسپتالوں کی سیڑھیوں کے مقام پر ریمپ بھی بنائیں جائیں تاکہ خصوصی افراد باآسانی او پی ڈی میں آ جا سکیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پارکس کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے پارکوں میں خصوصی افراد کے داخلے اور اندرون پارک گھومنے کے لئے آسانی مہیا کی جائے تا کہ وہ وہیل چیئر پر آسانی سے گھوم سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً سڑکوں، پارکوں اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے ایسی پالیسی بنادی گئی ہے کہ ان منصوبوں کی تعمیر کے وقت اسپیشل افراد کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز اور ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ زیرتعمیر سڑکوں، فٹ پاتھوں پر خصوصی افراد کیلئے علیحدہ ریمپ تعمیر کئے جائیں اور آئندہ جو بھی سڑکیں تعمیر ہوں ان کی فٹ پاتھوں پر اسپیشل افراد کے لئے ریمپ کی تعمیر کو بطور پالیسی اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بس اسٹاپس پر چڑھنے اور اترنے کیلئے بھی خصوصی افراد کے لئے ریمپ تعمیر کئے جا رہے ہیں جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پارکس کو بھی ہدایت کی کہ پارکوں میں داخلی دروازے اور پارکس کے اندر بھی اسپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ تعمیر کئے جائیں اور آئندہ اس کو بطور پالیسی اپنایا جائے اور ان جگہوں پر نشاندہی کیلئے بورڈ بھی لگائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عباسی شہید اسپتال کے تمام فلور پر خصوصی افراد کے لئے ٹائلٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔
واپس فہرست پہ جائیںکراچی ( اسٹاف رپورٹر) ناظم کراچی سید مصطفی کمال کی طرف سے اتوار کی رات خصوصی افراد کی ایک تقریب میں خصوصی افراد کے لئے بس اسٹاپس اور فٹ پاتھوں پر ریمپ بنانے کے اعلان پر پیر سے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ سٹی حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ناظم کراچی کی ہدایت پر سرشاہ سلیمان روڈ کے 5 مقامات پر معذوروں کے لئے فٹ پاتھ پر اترنے اور چڑھنے کے لیے ریمپ بنانے کا کام شروع کردیا ہے، عیسیٰ نگری پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سرشاہ سلیمان روڈ پر بلوچ ہوٹل لیاقت آباد نمبر 10، غریب آباد اور حکیم ابن سینا روڈ پر بھی ریمپ بنانے کے کام کا آغاز کیا جارہا ہے
واپس فہرست پہ جائیںکراچی (اسٹاف رپورٹر) موبی لنک اور معذور افراد کی بحالی کی تنظیم ایسو سی ایشن آف ری ہیبیلی ٹیشن آف چیلنجڈ پیوپل کے زیر اہتمام سٹی آفیسرز کلب، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں معذور افراد کے لیے چوتھے نیشنل چیلنج کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کی ہر اننگ 10 اوورز پر مشتمل ہوگی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔آصف پرویزنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ" جسمانی طور پر معذور اور بے سہارا افراد کا خیال رکھنے اور ان کی طرز زندگی میں بہتری لانے کے لیے موبی لنک کی جانب سے خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
واپس فہرست پہ جائیںخیرپور ناتھن شاہ (نامہ نگار) گوٹھ کریم داد لوند (جروار) میں چار سالہ بچہ سدھیر لوند اچانک دونوں ٹانگوں سے معذور ہوگیا اور لڑکے کی ٹانگوں نے کام کرنا بند کردیا۔ دریں اثناء لڑکے کے والد نے بتایا ہے کہ لڑکے کے پیدا ہونے کے بعد اسے باقاعدہ پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے جبکہ ڈاکٹروں کو بھی دکھایا گیا تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا اور یہ صورتحال ایک سال قبل پیدا ہوئی۔ دریں اثناء تعلقہ اسپتال خیرپور ناتھن شاہ کے سپروائزر ڈاکٹر احسن کیبانی نے کہا ہے کہ کیس ایک سال پرانا ہے اور ہمارے پاس رپورٹ بھی نہیں ہوئی ہے۔ تاہم متاثرہ لڑکے کے ٹیسٹ اسلام آباد بھیجیں گے اور وہاں سے اصل صورتحال معلوم ہوسکے گی۔
واپس فہرست پہ جائیں